اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری نے شاہد خاقان عباسی کے سپیکر کے ساتھ رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی ہے کہ وہ اس ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کو سپیکرسے بات کرنے کی تمیز نہیں، ایسے بات کرتے ہیں جیسے ان کی حکومت نے کوئی بڑا تیر مارا تھا، ان کا رویہ ہمیشہ منافقانہ ہوتا ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور مولانا فضل الرحمان اسلام نہیں بلکہ اسلام آباد کی لڑائی لڑتے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو گرانے کی ہر ممکن کوشش کی، اب ان کے رنگ پیلے پڑے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے اسمبلی میں غنڈوں والا رویہ اپنایا۔ اپوزیشن الیکشن اصلاحات کے حوالے سے بیٹھ کر بات کرے۔ پہلے کہتے تھے کہ حکومت بات چیت نہیں کر رہی۔ الیکشن اصلاحات کو اسمبلی میں پیش کیا لیکن ابھی تک اپوزیشن نے اپنا موقف نہیں دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا معاہدہ مکمل ہو گیا ہے، اب قرارداد پر بحث ہوگی کیونکہ آج کی قرارداد پر مسلم لیگ (ن) نے اتفاق نہیں کیا۔ ہم پارلیمنٹ کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتے۔ ملک میں بادشاہت نہیں بلکہ ایک آئین ہے۔ ہم 1973ء کے آئین سے باہر جا کر اقدامات نہیں کر سکتے۔