کراچی: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں دستیاب آکسیجن کا 90 فیصد استعمال کیا جا رہا ہے، کراچی میں کوروناکی شرح کم ہونے کی وجہ سے سپلائی بہتر ہے، بڑے شہروں کے ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا۔
وفاقی وزیر فواد چودھری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بے احتیاطی ہوئی تو پورے ملک پر اثرات ہوں گے، تمام شہروں میں آئی سی یوز مکمل طور پر بھر چکے، کورونا سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ایس او پیز پر 21 فیصد عملدرآمد ہو رہا ہے، ہماری 79 فیصد آبادی ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کر رہی، شام کے وقت کھانے پینے کے میلے ٹھیلے لگ جاتے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت میں آکسیجن کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے، بھارت میں کورونا کے باعث صورتحال خراب ہے، مشکل وقت میں پاکستان کے عوام بھارت کے ساتھ ہیں، پاکستان میں دستیاب آکسیجن 90 فیصد استعمال ہو رہی ہے، بھارت میں کیسز کی شرح 17، پاکستان میں 11 فیصد ہے، ہمارے اپنے حالات بھی اطمینان بخش نہیں، ڈلیوری کمپنیز کیلئے حکومت خصوصی مراعات کا اعلان کر رہی ہے، لوگ خریداری کیلئے ڈلیوری سروسز سے استفادہ کریں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کالعدم جماعت کے معاملے کو سلجھانے سے سیاسی استحکام آیا، اپوزیشن جماعتیں کالعدم جماعت کے معاملے پر سیاست نہ کریں۔