اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک (ٹی ایل پی) کو بیرون ملک سے جو امداد مل رہی ہے، اس معاملے کو دیکھنا ہوگا اور یہ کہ کون سی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہو رہی ہے؟
فواد چودھری کا دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ روز صرف گھنٹوں میں 32 ہزار ٹویٹس ہوئیں جو تمام کی تمام بھارت سے کی گئیں۔ پاکستان میں چلنے والی تحریک کو بھارتی سپورٹ ملنے کی کیا وجہ ہے؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس معاملے کو آرگنائز طریقے سے آگے لے جانے کی کوشش کی گئی۔ ہمارا مفاد یہ ہے کہ معاملہ پرامن طریقے سے حل ہو جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو حالات پیدا ہوئے اس کے دو حصے ہیں، ایک حصہ عاشقان رسول کے اوپر ہے۔ نبی ﷺ سے عشق کے بغیر ہماری زندگی نامکمل ہے جبکہ دوسرا طبقہ جو اسلام نہیں بلکہ اسلام آباد فتح کرنا چاہتا ہے۔ مولانا فضل الرحمان اس معاملے کو استعمال کرتے ہوئے اسلام آباد فتح کرنا چاہتے ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کچھ بڑٰی مارکیٹیں بند تھیں، جبکہ لاہور کی تین چار ہول سیل مارکیٹس رمضان میں کچھ دیر کیلئے کھلتی ہیں، وہ اسی طریقے سے کھلیں اور بند ہوئیں، اس کے علاوہ پاکستان میں کہیں ہڑتال نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تشدد کے بغیر یہ معاملہ حل ہو۔ آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے مذاکرات کر رہے ہیں۔