مولانا فضل الرحمن کی جماعت پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کی حامی

Last Updated On 15 October,2019 09:25 am

لاہور: (دنیا نیوز) پروگرام 'نقطہ نظر' کے میزبان اجمل جامی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا مجوزہ آزادی مارچ زیر بحث ہے۔ میزبان نے بتایا کہ پی ایس 11 لاڑکانہ میں ضمنی الیکشن ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو کا بیان سامنے آیا ہے۔ اس ضمنی انتخاب میں جے یو آئی ف کے امیدوار راشد سومرو بھی امیدوار ہیں، نثار کھوڑو کا الزام ہے کہ جے یو آئی وہاں پر پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ جی ڈی اے کے امیدوارکی حمایت کر رہی ہے اس لئے مولانا فضل الرحمن اپنی پوزیشن واضح کریں۔

اس سلسلے میں ڈاکٹر راشد سومرو نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا لاڑکانہ میں لاڑکانہ عوامی اتحاد بنا ہوا ہے، اس میں اپوزیشن کی ساری جماعتیں شامل ہیں اور اسی بنیاد پر جے یو آئی ف نے 2018 میں انتخابات میں حصہ لیا تھا، وہاں جی ڈی اے کے امیدوار معظم عباسی الیکشن میں جیتے تھے، الیکشن کمیشن نے انہیں ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا، وہ ایک بار پھر ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں، جے یو آئی لاڑکانہ عوامی اتحاد کا حصہ ہے اس لئے اس کی حمایت کر رہی ہے۔

اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنما صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا نثار کھوڑو نے جو سوال اٹھایا اس میں وزن ہے، راشد سومرو اور جے یو آئی کا اپنا حق ہے الیکشن لڑیں ہم ان کو مجبور نہیں کرسکتے لیکن اگر وہ یہ کہتے ہیں کہ اپوزیشن جماعتیں سب اکٹھی ہیں تو پی ٹی آئی اور جی ڈی اے تو اپوزیشن میں نہیں، یہ تو حکومتی اتحاد ہے۔ نثار کھوڑو نے یہ سوال اٹھایا ہے اور مولانا فضل الرحمن سے بھی یہ بات ضرور کی جائے گی، ان کو اس کا نوٹس لینا چاہئے کہ ایک طرف وہ وفاقی حکومت کیخلاف تحریک چلا رہے ہیں اور دوسری طرف ان کی جماعت حکومت کے اتحادیوں کی حمایت کر رہی ہے۔

سعید غنی نے آزادی مارچ کے بارے میں کہا ہم آزادی مارچ کے شرکا کو اپنے علاقوں سے ہار ڈال کر رخصت کریں گے ان کے ساتھ اسلام آباد نہیں جائیں گے، اسلام آباد میں ہمارے مقامی کارکن اس مارچ میں شرکت کرسکتے ہیں لیکن ہم دھرنے میں شرکت نہیں کریں گے۔