اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے نے پیشگی اطلاع کے بغیر کسی شخص کو ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ سے خارج کرنے سے روک دیا ہے۔
نیوز کانفرنس میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ٹیکس دہندگان کے کاروبار پر بغیر اجازت چھاپہ نہیں مارا جائے گا جبکہ سرکاری عہدیدار کا بے نامی دار بھی ایمنسٹی میں شامل نہیں ہو سکے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر سے خائف کاروباری برادری کے لیے ٹیکس جمع کرنے والے ادارے کے سربراہ شبر زیدی نے ایک اور ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کے کاروبار پر بغیر اجازت کوئی چھاپہ نہیں مارا جائے گا۔
شبر زیدی کا کہنا ہے کہ ٹیکس جمع کرانے والے ادارے کے حکام کو کسی بھی تاجر کے دفتر یا کاروبار پر چھاپہ مارنے کے لیے ممبر ان لینڈ ریونیو اور چیئرمین ایف بی آر سے پہلے اجازت طلب کرنا ہوگی۔
چیئرمین ایف بی آر کے حکم نامے کے مطابق ٹیکس کی عدم ادائیگی کی صورت میں ٹیکس حکام ممبر آئی آر اور چیئرمین کو آگاہ کریں گے جس کے بعد ممبر آئی آر اور چیئرمین ایف بی آر غیر رجسٹرڈ فرم کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
اس کے علاوہ ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ سے خارج کرنے سے 24 گھنٹے قبل کمپنی کے سی ای او کو ایف بی آر حکام آگاہ کریں گے۔