اسلام آباد (دنیا نیوز )سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دے دی ہے۔ سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کاغذات پر سید پرویز مشرف نام لکھا ہے ۔
یہ سید پرویز مشرف کون ہیں جس پر پرویز مشرف کے وکیل نے کہا کہ سید پرویز مشرف سابق آرمی چیف اور سابق صدر پاکستان رہ چکے ہیں۔ سپریم کورٹ نے 13 جون کو سابق صدر پرویز مشرف کو عدالت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پرویز مشرف وطن واپس آ کر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں ، وہ بلاتامل عدالت پیش ہوں انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ عدالت میں پرویز مشرف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے مشرف کو تاحیات نااہل قرار دیا ، وہ پاکستان آ کر الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ مشرف جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں اور اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں ، ہم ان کی نااہلی بھی ختم کریں گے اور انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔