لاہور: (دنیا نیوز) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نواز شریف کا قومی اداروں کو بدنام کرنا افسوس ناک، کارگل کارروائی پر بھی اعتماد میں نہ لینے کا بیان سفید جھوٹ ہے۔
سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ نواز شریف نے غلط وقت پر بیان دیتے ہوئے فوج اور سٹیبلشمنٹ کو ذمہ دار قرار دیا۔ اپنے ملک کی آرمی کو بدنام کرنا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ ایسے وقت پر یہ بیان آنے کے پیچھے ضرور کوئی نہ کوئی بات چھپی ہے۔ نواز شریف پر اس کے بیان کے بعد آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔
پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ کارگل کی کارروائی پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا تھا لیکن انھیں اس معاملے پر دو بار بریفنگ دی گئی تھی۔ کارگل جنگ میں ہم 5 جگہوں پر بھارتی فوج پر حاوی تھے تاہم اس وقت نواز حکومت پر بھارت نے امریکا کے ذریعے دباؤ ڈلوایا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ کارگل سے فوجوں کی واپسی پر راجہ ظفر الحق اور چودھری شجاعت نے مخالفت کی لیکن نواز شریف امریکا گئے اور وہاں سے فوجوں کی واپسی کا آرڈر جاری کیا۔ کارگل سے فوجوں کا انخلا کروا کر نواز شریف نے غلط قدم اٹھایا لیکن الزام مجھ پر عائد کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ہر خواب میں مجھے دیکھتے ہیں۔ میں نواز شریف جیسا پاگل نہیں ہوں، میں پاکستان کا سوچتا ہوں۔ ایسی باتیں کبھی نہیں کہتا اور کہنی بھی نہیں چاہیں۔
سابق صدر نے کہا کہ ممبئی حملے میں پاکستان کا ہاتھ نہیں ہے۔ نواز شریف نیب اور سپریم کورٹ میں پھنسے ہوئے ہیں، اس لئے ایسے بیانات دے رہے ہیں۔ پوری (ن) لیگ نواز شریف کی وجہ سے پریشان ہے۔ ایسا بیان دینا بہت افسوسناک ہے۔