اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم بہادر آباد کے رہنما بیرسٹر فروغ نسیم کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر شپ کے معاملے پر محفوظ فیصلے کو فی الفور سنانے کی درخواست دائر کر دی گئی۔
ایم کیو ایم بہادر آباد کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے کنوینر شپ کے معاملے پر جو فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے اسے فی الفور سنایا جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست سینیٹر فروغ نسیم نے رابطہ کمیٹی کی جانب سے دائرکی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انتخابات کے شیڈیول کے اعلان کے بعد کیس کا جلد فیصلہ نہ ہونے کے سبب لاکھوں ووٹرزمتاثرہوسکتے ہیں، جبکہ ٹکٹوں کی تقسیم میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ یا تو اسلام آباد ہائی کورٹ اس معاملے پر اپنا محفوظ فیصلہ فی الفور سنائے یا پھر الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈاکٹر خالد مقبول کے حق میں دیئے گئے فیصلے پرحکمِ امتناع منسوخ کرے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے 28 مارچ 2018 کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے کنوینر شپ کے 26 مارچ 2018 کے فیصلے کے خلاف پیٹیشن دائر کی تھی جس پر 29 مارچ کو اسلام آباد نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو معطل کردیا تھا اور چند دن کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔