لاہور: (ویب ڈیسک) موسم سرما میں سخت سردی کا مقابلہ ادرک کی چائے سے بہتر کوئی نہیں کر سکتا۔ ادرک وٹامن سی، میگنیشیئم اور دوسرے معدنیات سے بھرپور ہونے کے باعث صحت کے لیے بہت مفید ہے۔ چائے بنا لینے کے بعد اس میں کالی مرچ، شہد اور لیموں شامل کرکے ادرک کے ذائقے کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ادرک کی چائے پینے کے متعدد فوائد ہیں جو کئی بیماریوں سے بچاؤ کا باعث بن سکتا ہے۔
ذہنی دباؤ سے آرام
ادرک کی چائے میں جسم کو سکون دینے والے اجزا شامل ہوتے ہیں جو اعصابی تناؤ اور پریشانی کی صورت میں آرام دے سکتے ہیں۔ ادرک کی یہ خصوصیت اس کی مہک اور شفا بخش ہونے کے امتزاج کی وجہ سے ہے۔
قوت مدافعت میں اضافہ
آج کل کے مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے محفوظ اور صحت مند رہنا ضروری ہے جو صرف ایک ہی صورت میں ممکن ہے کہ اپنی قوت مدافعت کو مضبوط بنایا جائے۔
کورونا وائرس کا باقاعدہ علاج نہ ہونے کی صورت میں بھی ڈاکٹرز اور ماہرین قوت مدافعت بڑھانے پر زور دیتے رہے ہیں۔ ادرک میں غیر مستحکم تیل موجود ہوتا ہے جو گلے کی سوزش سے بچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سر درد، زکام اور ماہواری کے درد سے بچانے کے لیے ایک اچھے علاج کے طور پر سامنے آتا ہے۔
اوسٹیو آرتھرائیٹس یعنی جوڑوں کے مرض میں مبتلا افراد کا کہنا ہے کہ باقاعدگی سے ادرک کی چائے پینے سے ادویات کے استعمال میں بھی کمی آئی ہے۔
ادرک نظام انہضام میں بھی بہتری لاتا ہے جو صحت مند زندگی گزارنے کی جانب پہلا قدم ہے۔ ماہرین غذائیات یہ بھی کہتے ہیں کہ آپ کے کچن میں ادرک کی موجودگی آپ کو بیماریوں سے دور رکھ سکتی ہے۔ ادرک نہ صرف کھانوں کو مزیدار بناتا ہے بلکہ بے شمار صحت مند فوائد بھی دیتا ہے۔
متلی میں آرام
سفر پر روانہ ہونے سے قبل ادرک کی چائے کا ایک کپ پینے سے متلی اور الٹی سے بچا جا سکتا ہے۔ بہت سے لوگوں کو ایسی شکایت کا سامنا رہتا ہے۔ اگر متلی محسوس ہوتے وقت ایک کپ ادرک کی چائے پی لی جائے تو یقیناً آفاقہ ہوتا ہے۔
معدے کی کارکردگی میں بہتری
یہ معدے کی ہضم کرنے اور کھانے کو جذب کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتی ہے۔ زیادہ کھانا کھانے کے بعد ادرک کی چائے ہاضمے میں مدد کرتی ہے۔
سوزش سے بچاؤ
ادرک میں انسداد سوزش کی خصوصیات ہوتی ہیں جو اس کو پٹھوں اور جوڑوں کی پریشانیوں کا ایک بہترین گھریلو علاج بناتی ہیں۔ ادرک کی چائے پینے کے علاوہ اس کا استعمال سوزش والے جوڑوں کو آرام دینے کے لیے بھی کیا جا سکتا ہے۔
سانس کے مسائل سے بچاؤ میں مددگار
ادرک کی چائے عام سردی سے ہونے والے مسائل کو دور کرنے میں مدد فراہم کرسکتی ہے۔ ماحولیاتی الرجی سے وابستہ سانس کے مسائل کے لیے ایک کپ ادرک کی چائے آزمانے کا کہا جاتا ہے۔
خون کے بہاؤ میں بہتری
وٹامن، معدنیات اور امینو ایسڈ کی موجودگی کے باعث ادرک خون کے بہاؤ میں بہتری لاتا ہے جس سے دل کے امراض کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ ادرک دل کی شریانوں میں چربی کو جمع ہونے سے روک سکتا ہے جو دل کے دورے اور فالج کو روکنے میں مدد دیتا ہے۔
ماہواری کی تکلیف میں کمی
یہ ان تمام خواتین کے لیے بہت مفید ہے جن کو ماہواری کے درد کا سامنا رہتا ہے۔ ادرک کی گرم چائے میں تولیے کو بھگو کر اپنے پیٹ کے نچلے حصے پر رکھنے سے در میں کمی آئے گی اور پٹھوں کو آرام ملے گا۔ اسی طرح ادرک کی چائے میں شہد ملا کر لینے سے بھی درد میں کمی ہوتی ہے۔