فیصل آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ادویات کی قیمتوں میں 262 فیصد تک اضافہ کردیا گیا جس پر فیصل آباد میں شہری حکومت کے خلاف پھٹ پڑے۔ ان کا کہنا ہے مہنگائی کے طوفان نے پہلے ہی کمر توڑ رکھی ہے، اب دوائیں بھی مہنگی کر دی گئیں۔
حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرا دیا، حکومتی منظوری کے بعد فیصل آباد چنیوٹ بازار کی ہول سیل میڈیسن مارکیٹ میں ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔ ایمرجنسی میں قابل استعمال امراض قلب، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، کینسر اور اینٹی ریبیز کی ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر شہری حکومت کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔
ڈاکٹرز کہتے ہیں پاکستان میں پہلے ہی ادویات کی قیمتیں دیگر ممالک سے زائد ہیں، 94 جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ غریب آدمی کی موت بھی مشکل کر دے گا۔
شہریوں کا کہنا ہے ہسپتالوں میں پہلے ہی طبی سہولیات کا فقدان ہے، دوسری جانب جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کے فلاحی ریاست قائم کرنے کے دعووں پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔