لاہور: (ویب ڈیسک) ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وٹامن ڈی موڈ کو بہتر کرنے اور ڈپریشن کو بھگانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وٹامن ڈی ہمارے جسم کے لیے کئی طرح سے فائدہ مند ہو سکتا ہے لیکن اس میں سب سے زیادہ اہم بیماریوں کے خلاف ہمارے مدافعتی نظام کو مضبوط کرنا اور ہڈیوں میں کیلشیم اور فاسفورس کو جذب کرنا شامل ہے۔
ہیلتھ لائن میگزین کے مطابق وٹامن ڈی حاصل کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ تو سورج کی روشنی ہے لیکن جو لوگ زیادہ تر وقت بند کمروں میں گزارتے ہیں یا ایسے ممالک جہاں سورج کی روشنی کم ہوتی ہے وہاں اسے خوراک اور سپلیمنٹس کے ذریعے بھی لیا جا سکتا ہے۔
سرکولیشن ٹرسٹڈ سورس جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ وٹامن ڈی دل کی بیماریوں کو پیدا ہونے کے چانسز کم کرتا ہے۔
امریکن جرنل آف کلینکل نیوٹریشن کے مطابق ہمارے جسم میں وٹامن ڈی کی مناسب مقدار ہو تو فلو جیسی وائرل بیماریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق وٹامن ڈی سلیروسز کے خطرات کو بھی کم کرتا ہے۔
ڈپریشن میں کمی
ریسرچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وٹامن ڈی موڈ کو بہتر کرنے اور ڈپریشن کو بھگانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ڈپریشن کے شکار افراد کو وٹامن ڈی لینے سے افاقہ ہوا۔
’فائبرومائلجیا‘ کے مریضوں پر کی گئی ریسرچ میں معلوم ہوا کہ ذہنی تناؤ میں رہنے والے مریضوں میں وٹامن ڈی کی کمی پائی گئی۔
وزن میں کمی
اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو اپنی خوراک میں وٹامن ڈی سپلیمنٹ شامل کریں جو کسی بھی فارمیسی سے ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق خریدے جا سکتے ہیں۔
ایک تحقیق کے مطابق جن افراد نے روزانہ کیلشیم اور وٹامن ڈی سپلیمنٹس استعمال کیا ان کا وزن عام سپلیمنٹس لینے والوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے کم ہوا۔
ایک اور ریسرچ میں سامنے آیا کہ موٹاپے کے شکار جن افراد نے روزانہ وتامن ڈی سپلیمنٹ لیا ان میں دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے کے چانسز کم ہوئے۔
جیسا کہ پہلے بتایا گیا کہ وٹامن ڈی سورج کی روشنی اور سپلیمنٹس سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ تاہم کچھ ایسی قدرتی غزائیں بھی ہیں جن میں وٹامن ڈی پایا جاتا ہے جن میں سالمن مچھلی، سارڈائنز، انڈے کی زردی، دودھ، دہی اور مالٹے کا جوس شامل ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج کی روشنی اور غذاؤں سے وٹامن ڈی کی کمی پوری نہیں کی جا سکتی لہذا ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق وٹامن ڈی کے سپلیمنٹ لینا زیادہ فائدہ مند ہو سکتا ہے۔