اجے دیوگن نے 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' اب تک کیوں نہیں دیکھی؟

Last Updated On 01 October,2018 06:09 pm

ممبئی: (دنیا نیوز) بالی وڈ اسٹارز کاجول اور شاہ رخ خان کی 1995 میں ریلیز ہونے والی مشہورِ زمانہ فلم 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' (ڈی ڈی ایل جے) کس نے نہیں دیکھی ہوگی، لیکن کاجول کے شوہر اجے دیوگن ایک ایسے انسان ہیں، جنہوں نے اب تک یہ فلم نہیں دیکھی اور اس کی اُن کے پاس ایک وجہ بھی ہے۔ ادتیہ چوپڑا کی ہدایات میں بننے والی اس فلم نے اپنی ریلیز کے وقت باکس آفس پر تباہی مچادی تھی اور 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

دکن کرونیکل کی رپورٹ کے مطابق کاجول نے مداحوں کو بتایا کہ اجے دیوگن نے اب تک ان کی سب سے کامیاب فلم نہیں دیکھی۔کاجول کا کہنا تھا کہ ’اجے نے آج تک یہ فلم نہیں دیکھی، میں نے بہت بار یہ سوال اجے سے کیا لیکن انہوں نے مجھے آج تک ایسا جواب نہیں دیا جس سے میں مطمئن ہوجاؤں‘۔کاجول نے مزید بتایا،  اجے نے مجھے کہا کہ اس کی ایک وجہ ہے، لیکن میں وہ تمہیں نہیں بتاؤں گا۔ 

ساتھ ہی کاجول نے صحافیوں سے کہا کہ  اگلی مرتبہ جب آپ کا اجے دیوگن سے ٹاکرا ہو تو اُن سے یہ سوال ضرور کریں اور پھر مجھے بھی بتائیں کہ انہوں نے ابھی تک ڈی ڈی ایل جے کیوں نہیں دیکھی؟ 

کاجول کا مزید کہنا تھا،  فلم  دل والے دلہنیا لے جائیں گے  کو دیکھ کر بہت سے جوڑوں نے اُسی انداز میں شادی کا فیصلہ کیا تھا، جبکہ وہ لوگ جن کی دوستی تھی، وہ بھی اس رومانٹک فلم سے اتنا متاثر ہوئے کہ انہوں نے بھی شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کیا۔ 

واضح رہے کہ اجے دیوگن کے حوالے سے مشہور ہے کہ ان کی ڈی ڈی ایل جے میں کاجول کے ہیرو شاہ رخ خان سے کچھ زیادہ بنتی نہیں ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں کاجول بھی اس بات کا اعتراف کرچکی ہیں کہ  اجے اور شاہ رخ دوست نہیں ہیں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ ایک دوسرے کے دشمن ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ  اگر وہ ایک ساتھ پارٹی نہیں کرتے یا سیلفیز نہیں لیتے تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ ایک دوسرے سے نفرت کرتے ہیں یا ایک دوسرے کی برائیاں کرتے ہیں ۔ساتھ ہی انہوں نے کہا،  شاہ رخ خان میرے بہت اچھے دوست ہیں، لیکن میں نے اپنی دوستیاں کبھی اجے دیوگن پر مسلط نہیں کیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی ایسا کیا ۔

اگر کام کے حوالے سے بات کی جائے تو کاجول اپنی فلم  ہیلی کاپٹر ایلا  میں مصروف ہیں، شاہ رخ خان اب فلم  زیرو  میں نظر آئیں گے، جس میں وہ ایک بونے شخص کا کردار نبھائیں گے جبکہ اجے دیوگن فلم  تانا جی: دی اَن سنگ واریئر  میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ کاجول شاہ رخ خان کی بہت اچھی دوست بھی ہیں، تاہم اجے دیوگن اور شاہ رخ خان کے درمیان جھگڑوں کی خبریں عموماً میڈیا میں سامنے آتی رہتی ہیں۔ ان دونوں کے درمیان جھگڑے کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب 2012 میں شاہ رخ خان کی فلم ’جب تک ہے جاں‘ اور اجے دیوگن کی فلم ’سن آف سردار‘ سینما گھروں میں مدمقابل ریلیز ہوئی۔

 


یاد رہے کہ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ 1995 میں ریلیز ہوئی، جس میں کاجول کے ہمراہ شاہ رخ خان نے مرکزی کردار ادا کیا۔ اس فلم کی ہدایات ادیتیا چوپڑا نے دی تھی، یہ اپنے وقت کی کامیاب فلم تھی جس نے باکس آفس پر 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کو ریلیز کے تقریباً 20 سالوں بعد بھی آج تک ممبئی کے ماراٹھا مندر میں نمائش کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔