سونم کپور کی شادی پر پاکستانی فنکاروں کی مبارکباد

Last Updated On 11 May,2018 02:41 pm

کراچی (نیٹ نیوز ) نوبیاہتا جوڑی سونم کپور اور آنند آہوجا کی شادی پر پاکستانی فنکار بھی بے انتہا خوش ہیں اور دونوں کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کررہے ہیں۔

نامور بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور اوربھارتی بزنس مین آنند آہوجا دو روز قبل 8 مئی کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے، دونوں کو جہاں ان کے چاہنے والوں کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے وہیں پاکستانی فنکاروں ماہرہ خان اور ماورا حسین نے بھی دونوں کی آنے والی زندگی کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے سونم کپور اور آنند آہوجا کو ٹوئٹر پر شادی کی مبارکباد دیتے ہوئےکہا ’’آپ کی یہ خوشیاں ہمیشہ برقرار رہیں، انشا اللہ بہت سارا پیار۔‘‘ اداکارہ ماورا حسین نے بھی سونم اور آنند کے استقبالیے کی ایک خوبصورت تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی اوردونوں کو زندگی بھر خوش رہنے کی دعا دیتے ہوئے مبارکباد دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سونم کپور اور آنند آہوجا کے استقبالیے کی تقریب میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور سلمان خان نے نہ صرف خوب ہلہ گلہ کیا بلکہ ایک ساتھ گانا گا کر اور رقص کرکے شرکا کی خوب توجہ حاصل کی۔ دونوں کئی برسوں بعد کسی تقریب میں اتنے اچھے موڈ میں نظر آئے اور میڈیا میں سونم آہوجا سے زیادہ شاہ رخ سلمان چھائے رہے۔