لاہور: (ویب ڈیسک) گوگل پے جو کہ ایک عالمی ڈیجیٹل ادائیگی کا پلیٹ فارم ہے، آج پاکستان میں باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا جائے گا جو کہ ملک کے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
گوگل کے عہدیدار لانچ ایونٹ میں شرکت کریں گے، اس کے بعد بینک اور فینٹیک کمپنیاں اپنے صارفین کے لیے اس پلیٹ فارم کو دستیاب کرائیں گی جس کا انحصار ان کی تیاری پر ہو گا۔
یہ ڈیجیٹل سروس پاکستانی صارفین کو اپنے بینک سے جاری کردہ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کو گوگل والٹ ایپ کے ذریعے گوگل پے سے لنک کرنے کی اجازت دے گی جس کیوجہ سے صارفین بغیر کسی contact کے ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
پاکستان کا ادائیگی کا بنیادی ڈھانچہ ابھی تک اتنا جدید نہیں ہوا اور لوگوں میں لین دین کے معاملات زیادہ تر کیش پر ہی چلتے ہیں لیکن گوگل پے کا آغاز اس رجحان کو بدلنے کی کوشش کرے گا اور لوگوں کو پیسے بھیجنے اور وصول کرنے کے لیے ایک آسان اور محفوظ طریقہ فراہم کرے گا۔
یہ پلیٹ فارم مقامی بینکوں کے ساتھ بخوبی ہم آہنگ ہے جس سے صارفین کو اپنے اکاؤنٹس اور کارڈ کی تفصیلات کو روزمرہ کے لین دین کے لیے لنک کرنے کی سہولت ملے گی۔
اس کے علاوہ گوگل پے کی آمد پاکستان کے فینٹیک ماحولیاتی نظام کی ترقی کو مزید تیز کرے گی، اس کے اوپن اے پی آئی کے ذریعے یہ پلیٹ فارم مقامی بینکوں اور فینٹیک فراہم کنندگان کے درمیان جدت اور تعاون کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
گوگل والٹ کیا ہے؟
گوگل والٹ کو 2011 میں لانچ کیا گیا تھا اور یہ ایک ایسا ڈیجیٹل والٹ ہے جو صارفین کو اپنے ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات محفوظ طریقے سے سٹور کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے جبکہ وہ اپنے اینڈرائیڈ فونز سے براہ راست ادائیگیاں بھی کرسکتے ہیں۔
بورڈنگ پاس، ایونٹ ٹکٹس، شناخت کارڈ اور کافی کچھ گوگل والٹ میں محفوظ کیا جا سکتا ہے، یعنی جو کچھ آپ اپنے روایتی بٹوے میں رکھ کر چلتے ہیں وہ سب کچھ گوگل والٹ میں محفوظ کیا جاسکتا ہے، اسے استعمال کرنے کے لیے گوگل والٹ ایپ کو انسٹال کرنا ہو گا۔
ایپ کو انسٹال کرنے کے بعد آپ کو گوگل اکاؤنٹ پر لاگ ان ہونا ہوگا اور پھر ادائیگی کے طریقے جیسے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کو ایڈ کرنا ہوگا، جب آپ اپنے اکاؤنٹ میں کم از کم ایک کارڈ ایڈ کر لیں تو آپ گوگل والٹ کے ذریعے سٹورز میں موبائل پیمنٹس کرسکیں گے۔