سونم کپور کا دوستوں کے اعزاز میں استقبالیہ

Last Updated On 09 May,2018 05:50 pm

لاہور (دنیا نیوز ) بالی ووڈ کے نوبیاہتا جوڑے سونم کپور اور آنند آہوجا نے دوستوں کو شاندار استقبالیہ دیا۔ اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان اور انیل کپور کے ڈانس نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔

اداکارہ سونم کپور اور فیشن ڈیزائنر آنند آہوجا ہمیشہ کے لیے ایک ہوگئے، جوڑے نے شاندار استقبالیے کا اہتمام کیا۔ اداکار سلمان خان، شاہ رخ خان، کرینہ کپور، ایشوریا رائے امیتابھ بچن،عامر خان سمیت بالی وڈ کے ستاروں نے شرکت کی۔

سلمان خان نے گانا گایا، شاہ رخ اور انیل کپور خوشی میں جھومتے رہے۔ نوبیاہتا جوڑے کو بھی رقص پر مجبور کیا۔ آنند آہوجا اور سونم کپور کی ملاقات دو ہزار چودہ میں ہوئی۔ دو ہزار سترہ سے جوڑے کی شادی کی قیاس آرائیاں جاری تھیں۔

آنند آہوجا کا شمار بھارت کے بڑے بزنس مینوں میں ہوتا ہے۔ دونوں طویل عرصے سےایک دوسرے کو جانتے ہیں حالانکہ آنند آہوجا کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں لیکن پھر بھی سونم اور آنند کی پہلی ملاقات بڑے فلمی انداز میں ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آنند اور سونم کو دونوں کی مشترکہ دوست پرنیا قریشی نے 2014 میں ایک تقریب کے دوران ملوایا تھا۔ پرنیا بھارت کی معروف اسٹائل آئیکون ہیں جب کہ فیشن انڈسٹری میں ان کا بہت بڑانام ہے۔ پرنیا سونم کی اسٹائلسٹ اور آنند آہوجا کی قریبی دوست تھیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سونم سے ملنے کے صرف ایک ماہ بعد آنند نے انہیں پرپوز کردیا تھا اور جب ہی سے دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

تقریباً 4 سال ایک دوسرے کے قریب رہنے کے باوجود سونم نے کبھی بھی میڈیا پر اپنے اور آنند کے تعلقات کے بارے میں بات نہیں کی بلکہ اس حوالے سے سوال پوچھنے پر سونم اکثر بھڑک اٹھتی تھیں تاہم گزشتہ ماہ دونوں کے خاندانوں نے سونم اور آنند کی شادی کا باضابطہ اعلان کرکے اس رشتے پر تصدیق کی مہر ثبت کردی تھی۔