لاہور: (دنیا نیوز) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سٹی کوتوالی اور بدنام زمانہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں درجنوں وارداتوں میں مطلوب انتہائی خطرناک ملزم ضیاء الرحمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم کو مال مسروقہ واسلحہ برآمدگی اور ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے لے جارہا تھا، نامعلوم ملزموں نے اپنے زیرحراست ساتھی ملزم کو چھڑوانے کے لئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ سے ملزم شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا لیکن ملزم راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ہلاک ملزم معصوم بچوں کے اغوا، زیادتی، رابری جیسی سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب (اشتہاری) تھا، ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محموظ رہے جبکہ نامعلوم ملزموں کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔