کراچی: (دنیا نیوز) سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس افسر کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم نے رواں ماہ شرافی گوٹھ کے علاقے میں اے ایس آئی محمد آصف کو ذاتی رنجش پر فائرنگ کرکے قتل کیا تھا جبکہ اس نے سال 2021ء میں شاہ لطیف تھانے کی حدود میں ایس ایس پی سنگھار ملک پر فائرنگ بھی کی تھی۔
ملزم 2021ء میں شرافی گوٹھ تھانے پر حملے میں بھی ملوث ہے، ملزم نے 2022ء میں شاہ لطیف کے علاقے میں فائرنگ کرکے عبدالستار نامی شہری کو زخمی کیا تھا، ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ نادر علی نامی شہری کو فائرنگ کرکے زخمی بھی کر چکا ہے۔
ملزم کاشف نے رواں سال شاہ لطیف کے علاقے میں فائرنگ کرکے ایک لڑکی سمیت 3 افراد کو زخمی کیا تھا، گرفتار ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں، ملزم قتل اور اقدام قتل کی وارداتوں میں ملوث ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔