اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے پی سی بی کی جانب سے مکی آرتھر کودوبارہ پاکستان ہیڈ کوچ بنانے پر تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
غیر ملکی سپورٹس ویب سائٹ کو انٹرویو میں سابق کپتان اور کوچ مصباح الحق نے کہا کہ مکی آرتھر کی قومی ٹیم میں بطور ٹیم ڈائریکٹر یعنی کوچ کے طور پر دوبارہ خدمات حاصل کرنا پاکستان کرکٹ پر ایک طمانچہ ہے کہ ہم ایک ہائی پروفائل فل ٹائم کوچ تلاش کرنے کے قابل نہیں۔
مصباح الحق نے سابق کرکٹرز پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے نظام کی ساکھ کو نقصان پہنچایا اور پی سی بی کو کوچنگ کے کرداروں کے لیے ملکی سرزمین سے باہر دیکھنے پر مجبور کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بابر کو کمزور کیا جا رہا، کرکٹ کی بہتری کیلئے ملکر فیصلے کریں: مصباح
انہوں نے کہا کہ یہ شرم کی بات ہے کہ بہترین لوگ آپکے لیے آنا نہیں چاہتے آپ کسی ایسے شخص کو لانا چاہ رہے ہیں جو ہماری کرکٹ کو دوسرے آپشن کے طور پر دیکھ رہا ہو۔
واضح رہے کہ مکی آرتھر کے ساتھ پاکستان کی بات چیت اس سے قبل تین مواقع پر ناکام ہوچکی تھی لیکن بورڈ معاہدے پر ڈٹا رہا، آرتھر اس سے قبل 2016 سے 2019 تک ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں۔