ٹی 20 ورلڈ کپ: سنسنی خیز مقابلہ، یو اے ای کی نمیبیا کو 7 رنز سے شکست

Published On 20 October,2022 05:01 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ اے کے میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نمیبیا کو 7 رنز سے مات دے دی۔

آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں میگا ایونٹ کا 10واں میچ نمیبیا اور یو اے ای کے مابین کھیلا گیا۔

یو اے ای اننگز

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات نے 3 وکٹ کے نقصان پر 148 رنز بنائے، اوپنر محمد وسیم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 41 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان چندنگا پوئیل پوتھیا پورائیل رضوان 43 رنز بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے، ورتیا ارونڈ نے 21 اور علی شان شرفو نے 4 رنز بنائے، باسل حمید 25 سکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ڈیوڈ ویزے، برنارڈ شولٹز اور بین شیکونگو نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

نمیبیا اننگز

149 رنز ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 8 وکٹ کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 141 رنز ہی بناسکی، ڈیوڈ ویزے کی 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 55 رنز کی کھیلی گئی اننگز بھی رائیگاں گئی۔

باسل حمید اور ظہور خان نے 2،2 جبکہ جنید صدیق، کارتک میاپن اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

مین آف دی میچ

50 رنز اور میچ میں ایک وکٹ کے ساتھ شاندار آل راؤنڈ کارکرگی کا مظاہرہ کرنے پر محمد وسیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سپر 12 راؤنڈ

اس کے ساتھ ہی سری لنکا اور نیدر لینڈز کی ٹیمیں گروپ اے میچ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد سپر 12 مرحلے کے لئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔