پی ایس ایل 7: فخر، شاداب اور اعظم خان نے گروپ مرحلہ یادگار بنالیا

Published On 22 February,2022 06:14 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے گروپ مرحلے کو فخرزمان، شاداب خان اور اعظم خان کی انفرادی کارکردگی نے یادگار بنا لیا۔

پاکستان کرکٹ کے بڑے برانڈ کے ساتویں ایڈیشن کا گروپ مرحلہ مکمل ہوگیا، 30 میچز میں ٹاپ 4 ٹیموں میں ملتان سلطانز پہلے، لاہور قلندرز دوسرے، پشاور زلمی تیسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھے نمبر پر ہیں۔

انفرادی کارکردگی میں ٹیم ٹوٹل کا ریکارڈ دفاعی چیمپئن نے بنایا، ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 245 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا، ٹاپ سکوررز کی فہرست میں فخر زمان سرفہرست ہیں، 521 رنز میں 1 سنچری اور 6 نصف سنچریاں شامل ہیں، انجری کا شکار شاداب خان نے 17 وکٹیں حاصل کیں اور باؤلرز میں نمبر ون ہیں۔

بطور وکٹ کیپر زیادہ شکار کرنے والوں میں کامیاب ترین اعظم خان ہیں، نوجوان کھلاڑی نے 10 میچز میں 6 کیچ اور 3 اسٹمپس یعنی 9 بلے باز وں کی اننگز کا خاتمہ کیا۔

پی ایس ایل 7 کے 10 میچز میں صرف ایک مقابلہ جیت کر ایونٹ سے آؤٹ ہونے والی ٹیم کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم بطور فیلڈر 9 کیچ پکڑ کر ریکارڈ ہولڈر ہیں۔