پی ایس ایل فائیو: کراچی کنگز کی ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح، زلمی کو ہرا دیا

Last Updated On 02 March,2020 10:38 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے دوسرے مرحلے کے دوران کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوںسے ہرا کر ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کر لی۔ بابر اعظم نے شاندار ففٹی بنائی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے 15 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

 راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور ٹام بینٹن نے کیا۔

کراچی کنگز کے محمد عامر کے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے بیٹسمین ٹام بینٹن ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ نوجوان بیٹسمین حیدر علی بھی محمد کا شکاربن گئے، انہوں نے دو گیندوں پر چار رنز بنائے اور بولڈ ہو گئے۔ 

 

کامران اکمل ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور آٹھ گیندوں پر چار رنز بنا کر عامر یامین کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔ لیونگسٹون نے جارحانہ انداز اپنایا، انہوں نے 20 گیندوں پر 25 رنز بنا کر باؤنڈریز پر بابر اعظم کو کیچ دیدیا۔

 دیگر بیٹسمینوں میں گریگورے 25، بریتھویٹ 8، وہاب ریاض2، حسن علی چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شعیب ملک نے شاندار 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 151 رنز بنائے۔ محمد عامر نے چار شکار کیے۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی طرف سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا، گزشتہ روز اسلام آباد کے خلاف جارحانہ اننگز کھیلنے والے شرجیل خان اس بار ناکام ہو گئے اور صرف 3 گیندوں پر چار رنز بنا کر حسن علی کا نشانہ بن گئے۔

ایلکس ہیلز نے جارحانہ انداز اپنایا اور وکٹ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیلے اور 27 گیندوں پر 49 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ڈیلپورٹ نے 2 سکور بنائے اور لیگ سپنر کا شکار ہو گئے۔  

 

کراچی کنگز نے ہدف 19 ویں اوورز میں حاصل کر لیا۔ بابر اعظم نے 70 رنز کی اننگز کھیلی۔ یاسر شاہ نے دو جبکہ حسن علی اور بریتھویٹ نے 1.1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ایک ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ باؤلر عمید آصف کی جگہ عامر یامین کو کھلایا گیا ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں کوئی پریشر نہیں ہے، ڈیرن سیمی آج کے میچ میں آرام کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ٹیم میں شعیب ملک کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کارلوس بریتھویٹ اور یاسر شاہ کھیلیں گے۔