لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں لاہور قلندر کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر حارث رؤف انجری کا شکار ہوکر ٹیم سے باہر ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور لاہور قلندرز کی انتظامیہ کے مطابق حارث رؤف ایڑھی میں انجری کی وجہ سے 2 سے 3 میچز کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ سلمان ارشاد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
حارث رؤف اسلام آباد یونائٹیڈ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے بعد سے اپنے دائیں پاؤں کی ایڑھی میں درد محسوس کر رہے تھے لیکن ایم آر آئی اور سٹی اسکین میں کسی قسم کے فریکچر کی نشاندہی نہیں ہوئی تاہم ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔
حارث رؤف کی جگہ کھیلنے والے سلمان ارشاد اس سے قبل پی ایس ایل 2018 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور انہوں نے ایونٹ میں 3 میچز کھیلے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز اب تک 2 میچز کھیل چکی ہے اور دونوں میں ہی اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔