لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 2020ء کے دوسرے مرحلے کے دوران 12 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے پچھاڑ دیا۔ ریلی روسو شاندار سنچری داغتے ہوئے مرد میدان قرار پائے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کے دوران ملتان میں ہونے والے بارہویں میچ کے دوران ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
سلطانز کی طرف سے اننگز کا آغاز وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف اور جیمز وینس نے کیا، دونوں پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا مگر 21 رنز کے سکور پر ذیشان اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، وہ ایک چوکے کی مدد سے 8 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز جیمز وائنس تھے جنہوں نے 6 چوکوں کی مدد سے 24 گیندوں پر 29 بنائے، وہ نواز کی گیند پر اعظم خان کو کیچ دے بیٹھے۔ معین علی بھی ناکام رہے، صرف 6 رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے۔
شاہ مسعود اور ریلی روسو نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 139 رنز کی پارٹرنرشپ قائم کی، شان مسعود نے 6 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے جبکہ روسو نے 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 199 رنز بنائے۔ کوئٹہ کی جانب سے نواز، نسیم شاہ اور سہیل خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے اننگز کا آغاز انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جیسن روئے اور سابق آسٹریلوی بیٹسمین شین واٹسن نے کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلا نقصان 57 کے مجموعی سکور پر ہوا جب جیسن روئے 27 گیندوں پر 30 رنز بنا کر بلاول بھٹی کی گیند پویلین لوٹ گئے، احسن علی کی باری 14 تک محدود رہی، خوشدل شاہ نے وکٹ حاصل کی۔
دیگر بیٹسمینوں میں اعظم خان 6، کٹنگ 12، شین واٹسن نے 80 رنزکی اننگز کھیلی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 169 رنز بنا سکی۔ بلاول بھٹی نے تین، عمران طاہر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔