علی ظفر نے پی ایس ایل کا گانا ‘’میلہ لوٹ لیا’’ ریلیز کردیا

Last Updated On 01 March,2020 09:59 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز گلوکار علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن فائیو کیلئے تیار کیا گیا اپنا گانا ‘’میلہ لوٹ لیا’’ ریلیز کردیا ہے۔

علی ظفر گانا ریلیز ہوئے مداحوں نے اس کی تعریف کی اور کئی افراد نے لکھا کہ علی ظفر نے میلہ لوٹ لیا۔ گانے کو اب تک ہزاروں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

علی ظفر کا کہنا ہے کہ بھائی نے وعدہ پورا کر دیا۔ ویڈیو میں پرستاروں کے بھجوائے ڈانس کے شاٹس بھی شامل ہیں۔ خیال رہے کہ پی ایس ایل کے آفیشل گانے ’تیار ہو‘ کو مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل ملا تھا۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل 5 کے ترانے  تیار ہو  کے گلوکار علی عظمت نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ بلاگرز کو خرید کر  تیار ہو  کے خلاف ٹوئٹس کروائی گئیں تھیں۔

اس کے بعد علی ظفر نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی کا گانا فلاپ ہو تو بھی اس کا الزام علی ظفر پر لگایا جائے۔ انہوں نے پی ایس ایل کے لیے اپنا گانا بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اس کی دھن بھی جاری کی تھی۔

 

علی ظفر کی جانب سے نغمہ بنائے جانے پر پی ایس ایل فائیو کا نغمہ گانے والے گلوکار عاصم اظہر بھی خاموش نہ رہے۔ انہوں نے بھی لب کشائی کرتے ہوئے ٹویٹ میں ردعمل کا اظہار کر ڈالا۔

 

سوشل میڈیا صارف کی جانب سے عاصم اظہر سے پوچھا گیا کہ آپ کو نہیں لگتا کہ آپ کے پی ایس ایل فائیو کے نغمے کے بعد علی ظفر کا گانا جاری کرنا آپ کی بے عزتی ہے؟ جس پر عاصم اظہر نے صارف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس میں بے عزتی کی کیا بات ہے؟ وہ میرے سینئر ہیں، میں اُن کے کام کی قدر کرتا ہو یہاں تک کہ اگر کوئی پاکستان کی ترقی کے لیے کچھ بھی کرتا ہے تو میں خوشی کے ساتھ اُس کی حمایت کروں گا۔

عاصم اظہر نے یہ بھی کہا کہ یہی مسٔلہ ہے کہ ہم لوگ آپس میں ہی بٹے ہوئے ہیں لیکن اس وقت ہمیں ایک دوسرے کی حمایت کرنے کی ضرورت ہے۔