لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل فائیو میں تین ٹیموں کو سلو اوور ریٹ پر جرمانہ ہوا جبکہ ٹیکنالوجی کی خرابی کا اعتراف کیا جس کے باعث دیوانوں کا مزہ کرکرا ہوا
چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلوں کا ایک مزہ یہ بھی ہے کہ ٹیموں کو مقررہ وقت میں میچ ختم کرنا ہوتا ہے، گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز نے مقررہ وقت میں دو اوور کم کیے، اس لیے ضابطے کی خلاف ورزی پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو میچ فیس کا 10.10 فیصد جرمانہ کر دیا گیا جبکہ ساتھ ہی وارننگ بھی دی گئی۔
ادھر قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز کی ٹیم کو صرف شکست کی کڑوی گولی ہی نہیں نگلنا پڑی بلکہ انہیں بھی سلو اوور ریٹ پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔ سہیل اختر کی ٹیم نے مقررہ وقت سے ایک اوور کم کیا جس پر تمام کھلاڑیوں کو میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ عائد کیا۔
دوسری طرف لاہور قلندرز کو ساتھ ہی وارننگ کی گئی کہ ایونٹ میں پھر کسی میچ میں ضابطے کی ایسی خلاف ورزی کی گئی تو جرمانہ ڈبل یعنی بیس بیس فیصد میچ کٹوتی ہو گی۔
لیگ سے جڑی ایک اور خبر یہ ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلر نسیم شاہ کی گیند بابر اعظم کے بلے کا باہری کنارے کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر کے گلوز میں گئی جس پر اپیل کے بعد ریویو لیا گیا۔
ٹیکنالوجی خراب یعنی سنیکو سسٹم کے آؤٹ آف آرڈر ہونے کے باعث یہ آؤٹ نہیں دیا گیا، جس کا اعتراف میچ ریفری روشن ماہانامہ نے بعد کیا کہ الٹرا ایج ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کراچی کنگز کے بابراعظم کے خلاف لیا گیا ریویو برقرار رہا تھا۔