پی ایس ایل فائیو کے آفیشل سونگ کا تنازع، علی ظفر نے اپنے گانے کا ٹیزر جاری کردیا

Last Updated On 24 February,2020 12:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل فائیو) کے آفیشل سونگ کے تنازع کے بعد علی ظفر نے اپنے گانے کا ٹیزر جاری کر دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے آفیشل گانے کے تنازع میں دلچسپ موڑ آ گیا ہے۔ عوام کی فرمائش پر گلوکار علی ظفر نے گانا بنانا شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر’’ بھائی آ رہا ہے، تیار ہو؟’’ کا ٹیزر بھی جاری کر دیا ہے۔ گانے کے ایشو پر سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ فنکار اور
کرکٹرز کے ردعمل بھی سامنے آ رہے ہیں۔

 

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے اعلان کا ویلکم کیا اور ٹویٹ میں کہا کہ ‘’ہو جائے پھر’’۔ انہوں نے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے ‘’بھائی حاضر ہے’’ بھی لکھا۔

 

 

ٹویٹر پر ایک صارف نے پی ایس ایل فائیو کا آفیشل سونگ گانے والی ٹیم کے رکن عاصم اظہر سے پوچھا کہ علی ظفر کا اسی گانے کو دوبارہ گانا آپ کی بے عزتی نہیں؟

 

جواب میں گلوکار نے لکھا اس میں بے عزتی والی کوئی بات نہیں، وہ سینئر ہیں اور انہوں نے جو کام کیا وہ قابل احترام ہے۔ عاصم اظہر نے مزید کہا کہ اس زیادہ خوشی کی بات کوئی نہیں ہو سکتی کہ وہ پاکستان کی بہتری کیلئے سپورٹ کر رہے ہیں۔ ہمارا یہی مسئلہ ہے کہ آپس میں بٹے ہوئے ہیں، ہمیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔