کراچی: (سپورٹس ڈیسک) سابق قومی کپتان اور عصر حاضر کے معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کرکٹ میں کرپشن کی روک تھام کیلئے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوانی میں ملوث افراد پر تاحیات پابندی کیلئے باقاعدہ قانون سازی کی جائے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پی سی بی نے اینٹی کرپشن انکوائری کی بنیاد پر قومی بیٹسمین عمر اکمل کو معطل کر دیا جو پی ایس ایل فائیو میں شرکت سے بھی محروم ہو گئے کیونکہ وہ بکیز سے ملاقات کے بارے میں متعلقہ اتھارٹیز کو مطلع نہیں کر سکے تھے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پی سی بی اپنے سرپرست اعلیٰ وزیراعظم عمران خان سے رابطہ کر کے ان سے درخواست کرے کہ پارلیمنٹ میں کرکٹ کی بدعنوانی کیخلاف سخت قانون سازی کی جائے تاکہ کھیل میں کرپشن کے متواتر واقعات کو روکا جا سکے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ وہ حالیہ واقعات پر افسردہ ہیں کیونکہ ماضی میں شرجیل خان اور خالد لطیف کے بعد اب ایک اور تازہ واقعہ سامنے آگیا اور پاکستان کرکٹ میں یہ سب تسلسل کے ساتھ جاری ہے لہٰذا اسے روکنے کیلئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کی جائے تاکہ قصوروار کھلاڑیوں کو موثر سزائیں دی جا سکیں۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھی نیوزی لینڈ اور دیگر ممالک جیسی مثالوں پر عمل کرنے کی کوشش کرے جہاں بدعنوانی میں ملوث افراد کو کھیل میں واپسی کی اجازت نہیں دی جاتی اور اب وقت آ چکا ہے کہ ذمہ داروں کو کڑی سزائیں دے کر دوسروں کیلئے مثال بنایا جائے۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ انہیں عمر اکمل سے کوئی ہمدردی نہیں کیونکہ وہ ایک پختہ شخصیت اور اپنے عمل کے خود ذمہ دار ہیں۔