واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں کورونا سے صورتحال تباہ کن ہو گئی، 24 گھنٹوں میں 1939 افراد ہلاک ہو گئے، امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار 722 ہو گئی، امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت پر تنقید کرتے ہوئے فنڈنگ روکنے کا اعلان کر دیا۔
امریکا میں کورونا سےہلاکتوں میں اضافہ، 24 گھنٹوں میں 1939 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ مرنے والوں کی تعداد 12722 ہو گئی۔ امریکا میں کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد 4 لاکھ 412 ہو گئی۔ نیو یارک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 731 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ جو اب تک ایک دن میں ریکارڈ کی جانے والی سب سے بڑی تعداد ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عالمی ادارہ صحت پر برس پڑے، انہوں نے عالمی ادارہ صحت پر چین میں کورونا وائرس کے ابتدائی پھیلاؤ سے متعلق غلط فیصلے کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت کو ہر سال دی جانے والے 58 ملین ڈالر کی فنڈنگ روکنے کا بھی اعلان کیا۔ امریکی گلوکار جان پرنس کورونا کی وجہ سے ہلاک ہو گئے۔