پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے دوران پور قرنطینیہ میں موجود 152 زائرین ٹیسٹ منفی آنے کے بعد گھروں کو روانہ، صوبائی وزیر صحت نے تحائف بھی دیئے۔
تفصیل کے مطابق کورونا وائرس سے جہاں ہر طرف خوف وہراس پھیلا ہوا ہے، وہیں اب اچھی خبریں بھی سامنے آنے لگی ہیں۔ پشاور کے دوران پور قرنطینہ کو کلیئر کرتے ہوئے ایک سو باون زائرین کے ٹیسٹ منفی آنے پر گھر جانے کی اجازت دیدی گئی ہے۔
چودہ دن قرنطینہ میں گزارنے کے بعد ٹیسٹ منفی آنے پر زائرین بھی خوش دکھائی دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرنطینہ میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے زائرین کو تحائف پیش کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ سب کا فرض ہے کہ وبا پھیلے تو سب کا خیال رکھیں۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں اب تک کورونا سے متاثرہ 69 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ 12 سے زائد افراد کی رپورٹ بھی منفی آئی۔ پشاور میں حیات آباد کے بعد دوران پور قرنطینہ مراکز کو بھی کلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر قرنطنیہ مراکز سے بھی جلد خوشخبریاں آئیں گی۔