سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے آج پھر 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ پانچ روز میں شہادتوں کی تعداد 32 ہو گئی۔
ضلع بڈگام کے گاؤں چٹرگام کو گھیرے میں لے کر بھارتی فورسز نے 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا جس کے بعد بڑی تعداد میں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔
بھارتی انتظامیہ نے احتجاج پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی اس کے باوجود کشمیریوں نے بھرپور احتجاج کیا اور بھارتی فوجیوں پر پتھراو کرتے رہے۔
واضح رہے مودی حکومت کی کشمیر میں بدترین ریاستی پالیسی کے باعث بھارتی فوج کو کشمیریوں کے قتل عام کا لائسنس دیدیا گیا ہے، کوئی دن نہیں جاتا جب نہتے نوجوانوں کو سرچ آپریشن یا فوجی چیک پوسٹوں پر تلاشی کے بہانے گولیوں سے چھلنی کر دیا جاتا ہے۔ گزشتہ پانچ روز کے دوران مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں شہادتوں کی تعداد 32 ہو گئی ہے۔