مقبوضہ کشمیر: پولیس افسروں کی بغاوت

Last Updated On 26 September,2018 09:04 am

وادی: (روزنامہ دنیا) مقبوضہ کشمیر میں پولیس افسروں نے بغاوت کر دی، دھڑا دھڑ استعفے دینے لگے، جبکہ استعفوں کے اعلان کی ویڈیو بھی وائرل ہو نے لگی۔

پہلے تو سر کاری حکام ان اطلاعات کی تر دید کر تے رہے مگر گزشتہ روز بھارتی میڈیا نے اعتراف کیا کہ پولیس افسر ملازمت چھوڑ رہے ہیں تا ہم ان کی تعداد زیادہ نہیں۔ کشمیری پولیس افسر استعفوں کے ساتھ قوم سے معافی بھی مانگ رہے ہیں۔

ایسی ایک ویڈیو میں اننت ناگ کے سپیشل پولیس افسر بشیر احمد شاہ کو سفید کاغذ کیساتھ دیکھا جا سکتا ہے جس پر اردو میں لکھا ہے کہ وہ ملازمت سے مستعفی ہو رہا ہے۔ اسے لوگوں سے مالی مدد کی اپیل کرتے بھی سنا جا سکتا ہے ، کیونکہ وہ ایک غریب آدمی ہے ۔ وہ اپنے بھائیوں ( حریت پسندوں ) کو پیغام دینا چاہتا ہے کہ بطور سپیشل پولیس افسر مزید کام نہیں کریگا۔

گزشتہ 2 دنوں میں جنوبی کشمیر کے علاقوں کولگام، شوپیاں، پلوامہ، اونتی پورہ، ترال اور اننت ناگ سے بشیر شاہ کے انداز میں درجنوں پولیس اہلکار استعفے کا اعلان کر چکے ہیں۔ بعض مقامات پر مساجد کے آئمہ نے پولیس اہلکاروں کی جانب سے استعفے کے خطوط پڑھ کر سنائے۔

استعفوں کا یہ سلسلہ حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈر ریاض نیاکو کے آڈیو پیغام کے بعد شروع ہوا ہے جس میں انہوں نے سپیشل پولیس افسروں سے کہا تھا کہ وہ اپنی ملازمتیں چھوڑ دیں۔