'بھارتی آرمی چیف کے بیان پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نوٹس لیں'

Last Updated On 23 September,2018 04:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کے بیان پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نوٹس لیں، ہندوستان دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کہتی ہیں کہ بھارتی آرمی چیف کی دھمکی کے بعد ثابت ہو گیا ہے کہ مذاکرات کے معاملے پر بھارتی حکومت دباؤ میں تھی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ ہندوستان میں عدم برداشت بڑھ چکی ہے۔ پاکستان کے 22 کروڑ لوگ ہندوستان کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی فوج کیساتھ کھڑے ہیں۔ بھارت کی تمام چالاکیاں عام انتخابات کی وجہ سے ہیں۔ بھارتی آرمی چیف کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نوٹس لیں۔

اس موقع پر حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں آل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔ بھارت نے ہمیشہ مذاکرات کے معاملے پر دھوکہ دیا اور پاکستان کو ڈسا ہے۔ مشعال ملک نے مزید کہا کہ بھارت پر عالمی دباؤ ڈالنے کیلئے حکومت سفارتی کوششیں کرئے، دباؤ کے بغیر بھارت کیساتھ بات چیت نہیں ہو سکتی۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم فلسطین میں ہونے والے مظالم سے بھی زیادہ ہیں۔