روسی شہر، جو آہستہ آہستہ دھنس رہا ہے

Last Updated On 31 August,2018 12:31 pm

لاہور(نیٹ نیوز) روسی شہر بیرزنکی آہستہ آہستہ زمین میں دھنس رہا ہے ، شہری آبادی کی اکثریت اس شہر کو چھوڑ رہی ہے لیکن روسی حکومت نے تاحال کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے۔

تفصیلات کے مطابق روسی شہر بیرزنکی، ملک کے پہاڑی علاقے ارل ماؤنٹین میں نمک کی کان کے اوپر بسایا گیا تھا۔ یہ ایک صنعتی شہر ہے جس کی آبادی ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہے ۔شہریوں کے مطابق 1980 میں نمک کی کان پر شہر بسانے کے نقصانات سامنے آنا شروع ہوئے اور کئی مقامات پر انتہائی بڑے گڑھے پڑ گئے جن میں فیکٹریاں اور دفاتر دھنس کررہ گئے جبکہ کئی سکول اور مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

2007 میں بیرزنکی شہر کو ایک بار پھر بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑا ،تباہی کا نشانہ بننے والوں کا کہنا ہے کہ حکومت اس معاملے کو ابھی تک سنجیدگی سے نہیں لے رہی، ہمارے گھروں میں دراڑیں پڑ رہی ہیں اور ہمیں ہر وقت خو ف رہتا ہے کہ کسی بھی وقت ہم زیرِ زمین گہرائی میں کہیں جا گریں گے۔

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اور جب ضرورت ہوتی ہے تو شہریوں کو نئے مکانات مہیا کئے جاتے ہیں۔