طالبان کا ماسکو میں امن مذاکرات میں شرکت کا اعلان

Last Updated On 22 August,2018 03:44 pm

ماسکو (نیٹ نیوز ) روسی وزیر خارجہ سیرگی لاروف نے کہا ہے کہ افغان طالبان چار ستمبر کو ماسکو میں ہونے والے امن مذاکرات میں حصہ لیں گے۔ ادھر روسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ماہ ماسکو میں ہونے والے امن مذاکرات میں امریکا سمیت 12 ممالک کو دعوت دی گئی ہے۔

ماسکو میں افغان امن مذاکرات اس کا واضح ثبوت ہے کہ روس کا افغانستان میں کردار بڑھ رہا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے افغان حکومت کی طرف سے تین ماہ کی مشروط جنگ بندی کی حمایت کی ہے مگر طالبان اس تجویز کو مسترد کرچکے ہیں۔ روسی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار زامیر کابولوف نے کہا کہ ماسکو نے طالبان جنہیں وہ دہشت گرد قرار دے کر پابندیاں بھی لگا چکا ہے کو مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

روسی خبر رساں ایجنسی   انٹرفیکس   نے روس میں افغانستان کے سفیر عبدالقیوم کوچائی کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ طالبان کا ماسکو میں امن مذاکرات میں شرکت کا اعلان مثبت اقدام ہے اور کابل اس کا خیر مقدم کرتا ہے۔