امریکا کا روس پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

Last Updated On 09 August,2018 12:56 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے روس پرسابق جاسوس کو کیمیائی زہر دینے کے معاملے پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔ روس پر عائد نئی پابندیوں کا اطلاق 22 اگست سے ہو گا۔

امریکا، برطانیہ میں سابق روسی جاسوس کو زہریلے مواد کے ذریعے ہلاک کرنے کی کوشش پر روس کے خلاف تازہ پابندیاں عائد کرے گا۔ سابق روسی جاسوس اوران کی بیٹی مارچ میں برطانیہ کے علاقے سیلسبری کے شاپنگ سینٹر کے بینچ پر بےہوش پائے گئے تھے۔ برطانیہ کے تفتیش کاروں نے اس حملے کا الزام روس پر عائد کیا تھا لیکن روس نے اس حملے میں اپنے ملوث ہونے کی تردید کی۔

برطانوی حکومت نے روس کے خلاف امریکا پابندیوں کا خیر مقدم کیا ہے۔ پابندیوں کے بعد روس حساس الیکٹرانک آلات اور دیگر ٹیکنالوجی کو درآمد نہیں کر سکے گا۔ یاد رہے کہ امریکہ رواں ماہ چین کی 16 ارب ڈالر کی درآمدات روکنے کیلئے بھاری ٹیکس عائد کر رہا ہے جس پر چین اور امریکہ کی تجارتی جنگ پھیلتی نظر آتی ہے جبکہ صدر ٹرمپ ایران پر بھی چند روز قبل پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔