نئی دہلی (دنیا نیوز ) بھارتی آئین میں کشمیر سے متعلق دفعہ 370 کی شق 35 اے کے حوالے سے آج نئی دہلی میں سپریم کورٹ سماعت کر رہی ہے جس پر پوری وادیِ کشمیر میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ کشمیری دو روزہ ہڑتال بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بھارتی آئین میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے خصوصی شق 35 اے کو ختم کرنے سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ہندو زمین خریدنے کے ساتھ ریاستی باشندہ سرٹیفیکیٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے باز رکھے۔
35 اے کو ختم کرنے کے لیے بھارتی سپریم کورٹ میں عرضی ایک غیر سرکاری تنظیم وی، دی سٹیزنز نے 2014ء میں دائر کی تھی جسے مبینہ طور پر انتہا پسند ہندو تنظیم راشٹریہ سوئیم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی پشت پناہی حاصل ہے۔ ماہرین کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کے لئے مودی سرکار نے سپریم کورٹ کا سہارا لیا ہے۔