'بھارت ایک منصوبے کے تحت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت بنانا چاہتا ہے'

Last Updated On 27 August,2018 09:07 pm

نیلہ بٹ: (دنیا نیوز) صدر آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ایک منصوبے کے تحت مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرکے ہندوؤں کو آباد کرنا چاہتا ہے۔

دھیر کوٹ نیلہ بٹ کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کے دوران من پسند نتائج حاصل کرنے کے لیے غیر ریاستی ہندوؤں کو آباد کرنا چاہتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کو بھی فلسطینوں کی طرح اپنی زمینوں سے محروم کیا جائے گا۔

صدر مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات اور مسئلہ کشمیر کے متعلق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

جلسے سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردارعتیق احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی، حکومت پاکستان کی کشمیر پالیسی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت 70 سالوں سے ظلم ڈھا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیلا بٹ سے شروع ہونے والی تحریک کشمیر کی مکمل آزادی تک جاری رہے گی۔ تقسیم کشمیر کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔