بھارتی دولہا دلہن کی رقص کرتے پھیرے لینے کی ویڈیو وائرل

Published On 06 March,2021 05:27 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک)ایک بھارتی دولہا دلہن کی رقص کرتے ہوئے پھیرے لینے کی ویڈیو نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو کلپ برلا پرسیژن ٹیکنالوجیز کے چیئرمین اور ایم ڈی ویدنت برلا کی طرف سے ٹوئٹر کااﺅنٹ پر پوسٹ کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں ایک خاتون گلوکار معروف گیت’آج میرے یار کی شادی ہے‘ لائیو گا رہی ہوتی ہے اور دولہا دلہن اس کی دھن پر رقص کرتے ہوئے آگ کے گرد پھیرے لے رہے ہوتے ہیں۔

بھارتی انٹرنیٹ صارفین دولہا دلہن کی اس حرکت کا مذاق بھی اڑا رہے ہیں اور اس پر غصے کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

خود ویدنت برلا نے اس ویڈیو کے ساتھ اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ یہ شادی ہے یا ہماری روایات کی قربانی، یہ مت بھولیے کہ اگر آپ کی دنیا میں کوئی وقعت ہے تو وہ آپ کی ثقافت اور اقدار کی وجہ سے ہے۔

بھیشک کمار مشرا نامی صارف نے لکھا ہے کہ نئی نسل یہ حرکتیں کر رہی ہے۔ ان کے نزدیک روایات کی کوئی ضرورت ہی نہیں۔ کتنی گھناﺅنی حرکت کی ہے انہوں نے اور ان کے بڑے بھی پاس کھڑے تالیاں بجا رہے ہیں۔