نوجوان نے محبت پانے کیلیے اجڑی ہوئی جھیل کو ’جنت نظیر‘ بنا دیا

Published On 04 March,2021 05:38 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین سے ایک انوکھی خبر آئی ہے جہاں پر نوجوان نے محبت پانے کیلیے اجڑی ہوئی جھیل کو جنت نظیر بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک چینی شہری نے اپنی سابقہ گرل فرینڈ کو متاثر کرنےکےلیے ویران آئرلینڈ پر 15 ہزار 500 امریکی ڈالر (تقریباً 20 لاکھ روپے) خرچ کرکے اسے ’گلابی جنت‘میں تبدیل کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے گاؤں سے تعلق رکھنے والا نوجوان شیاؤ شو ایک ماہ سے کی جانے والی محنت کے ذریعے اپنی سابقہ گرل فرینڈ سمیت انٹرنیٹ صارفین کی توجہ بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

نوجوان نے گاؤں سے نزدیک واقع ویران جھیل پر تقریباًایک لاکھ یوآن (15500 امریکی ڈالر) کی رقم خرچ کرکے عام سے منظر کو خواب نگر میں تبدیل کردیا۔

چینی شہری نے جھیل کو خوبصورت منظر سے آراستہ کرنے کے لیے ویران جھیل پر چیری بلاسم درختوں، جھولوں ، دریا اور چٹان کے انتظامات کیے۔

شیاؤشو اور اس کی سابقہ گرل فرینڈ 2018 تک ساتھ رہے لیکن نوجوان اپنے اہلخانہ کی دیکھ بھال کے لیے واپس گاؤں آگیا مگر اس کی گرل فرینڈ کے گاؤں جانے سے انکار کی وجہ سے دونوں علیحدہ ہوگئے۔

نوجوان نے اپنی گرل فرینڈ کی محبت میں گزشتہ برس اپنے آبائی گھر سے نزدیک ایک ویران جھیل کو اپنی محبت کے اظہار کے لیے جنت جیسی خوبصورتی دینے کا ارادہ کیا اور جب وہ اپنے ارادے میں کامیاب ہوا تو اس نے گرل فرینڈ سے اسی جھیل کے کنارے ملاقات کرکے اس سے ایک بار پھر محبت کا اظہار کیا۔

تاہم گرل فرینڈ نے شکریہ کہتے ہوئے اس کی محبت کو ٹھکرادیا لیکن یہ گلابی جنت دیکھتے ہی دیکھتے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی اور مقبول جزیرے میں تبدیل ہوگئی۔