صرف 10سیکنڈ کا ویڈیو کِلپ 66لاکھ ڈالرمیں فروخت

Published On 04 March,2021 12:11 pm

میامی:(روزنامہ دنیا) گزشتہ ہفتے صرف دس سیکنڈ کا ویڈیو کِلپ 66 لاکھ ڈالر کی خطیررقم میں فروخت ہوا ہے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق ویڈیو کلپ میامی میں آرٹ کے نمونے جمع کرنے والے ایک شوقین پیبلو روڈریگز فریل نے 67 ہزار ڈالر میں خریدا تھا جو انہوں نے منافع پر بیچا ہے ۔اس ویڈیو کو ایک ڈیجیٹل آرٹسٹ مائیک ونکل مان نے تیار کیا تھا ۔ دس سیکنڈ کی ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست کے بعد ایک دیونما عفریت کی صورت میں دکھایا گیا ہے جس کی اطراف سے لوگ لاپرواہ ہوکر گزررہے ہیں۔

چونکہ ڈیجیٹل آرٹسٹ اپنی تخلیق میں بلاک چین عنصر شامل کرتا ہے اسی لیے اس کے جعلی ہونے کا امکان بہت کم رہ جاتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ 67 ہزار ڈالر یعنی 10720000 پاکستانی روپوں میں خریدی گئی صرف دس سیکنڈ کی ویڈیو اب 66 لاکھ ڈالر یعنی ایک ارب روپے سے زائد میں فروخت ہوئی ہے ۔ پیبلو روڈریگز نے بتایا کہ وہ اس ویڈیو کی پشت پر موجود ڈیجیٹل فنکار کے کام سے واقف ہیں اور انہوں نے اس کی اصل ڈیجیٹل تخلیق کو خریدا تھا۔