نئے خریدے گھر سے کیا دریافت ہوا؟ خاتون دہشت زدہ

Published On 04 March,2021 11:15 am

نیو یارک:(روزنامہ د نیا) امریکا میں ایک خاتون اس وقت شدید خوفزدہ ہو گئی جب اس کے نئے خریدے ہوئے گھر میں اچانک ایک تہہ خانہ دریافت ہوگیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر پوسٹ کی گئی اپنی ویڈیو میں وہ بتاتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ انہوں نے یہ گھر ایک سال قبل خریدا تھا ۔خاتون کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ گزر جانے کے بعد ایک روز انہوں نے فرش سے قالین ہٹایا تو وہاں ایک دروازہ موجود تھا، دروازہ کھولنے پر وہاں پراسرار سیڑھیاں نیچے جاتی نظر آئیں۔

ابتدا میں خاتون نیچے جانے سے خوفزدہ تھیں کیونکہ وہاں سے ہلکی سی بھنبھناہٹ نما آواز آرہی تھی ۔بعد ازاں خاتون خود ہی ہمت کر کے نیچے اتریں تو وہاں ٹوٹا پھوٹا فرنیچر اور کچرا پڑا ہوا دکھائی دیا۔خاتون کا کہنا تھا کہ پرانے مالکان نے اس تہہ خانے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا اور وہ اس اتفاقیہ دریافت پر دہشت کا شکار ہوگئی تھی۔