لندن میں دنیا کی منفرد لائبریری کا قیام

Last Updated On 12 August,2018 04:01 pm

لاہور(نیٹ نیوز) جیسے جیسے عام آدمی کے لئے ٹیکنالوجی تک رسائی ممکن ہوتی جا رہی ہے، انٹرنیٹ، کمپیوٹر، ای بک، آئی پیڈ اور سمارٹ فون کو کتابوں کا متبادل سمجھا جانے لگا ہے ۔ ایسے حالات میں، مشرقی لندن کے گلی کوچوں اورمحلوں میں لٹل فری لائبریری کا قیام اور منصوبے کی کامیابی نے یہ ثابت کر دیا کہ کتب بینی کی روایت کو زندہ رکھنا شاید اتنا مشکل نہ رہے ۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں لٹل فری لائبریری منصوبے کا آغاز لندن کے ایک گنجان آباد علاقے بارووالتھم فاریسٹ سے کیا گیا ہے ۔

اس منصوبے کو ایک غیرمنافع بخش تنظیم کی معاونت حاصل ہے ۔فی الحال اس علاقے میں کل 12 لائبریریوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ان کتاب گھروں کو لندن سے تعلق رکھنے والے مشہور آرٹسٹوں نے ڈیزائن کیا ہے ۔

واضح رہے کہ 2013 تک لگ بھگ 400 لٹل فری لائبریریاں امریکہ میں قائم کی جاچکی ہیں جبکہ رواں برس دنیا بھر میں قائم کی جانے والی لٹل فری لائبریریوں کی تعداد تقریباً 15,000 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 1000 سے زائد منصوبے ابھی زیر تکمیل ہیں۔