بیوی کی فرمائشوں سے تنگ نوجوان نے کفن اوڑھ لیا

Last Updated On 12 August,2018 03:56 pm

نیویارک(نیٹ نیوز ) بیوی کی فرمائشوں سے کون تنگ نہیں ہوتا مگر کوئی اتنا تنگ بھی ہو سکتا ہے کہ اپنی ہی موت کا ڈرامہ کر ڈالے ؟ لیجئے ملئے افریقی نوجوان ڈینی گونزالز سے ، جو اپنی بیوی کی روز روز کی فرمائشوں سے ایسا تنگ پڑا کہ زندہ سلامت ہوتے ہوئے کفن اوڑھ لیا اور اپنی ’’موت‘‘ کی تصویر بیوی کو بھجوا دی۔

ڈینی کا تعلق ہنڈوراس سے ہے لیکن وہ ایک عرصے سے امریکہ میں مقیم ہے۔ دو سال قبل اس کی شادی ہوئی ،ڈینی اپنی موت کا گھٹیا ڈرامہ کرنے پر کیوں مجبور ہوا، اس کے بارے میں وہ کہتا ہے کہ جب سے میری شادی ہوئی ہے میری بیوی مسلسل فرمائشیں کر رہی ہے ۔

میں چھٹیاں گزار کر جب سے واپس امریکہ آیا ہوں تو ہر ویک اینڈ پر اس کی کال آجاتی ہے کہ اور پیسے بھیجو اسی طرح پچھلے دو سال میں میری بیوی چھ موبائل فون منگوا چکی ہے ۔ بس میں اتنا تنگ آ گیا کہ کفن اوڑھ کر اور ناک میں روئی ٹھونس کر اپنی ایک تصویر بنوائی اور گھر بھیج دی تا کہ اسے یقین ہو جائے کہ میں مر گیا ہوں۔

اُدھر ڈینی کے کچھ تیز نظر والے رشتہ داروں نے دیکھا کہ تصویر میں اس کی شکل مُردوں والی نہیں لگ رہی۔ کسی خاتون نے اندازہ لگایا کہ کفن کے بجائے اس نے تکیے کا سفید غلاف اوڑھ رکھا ہے اور پھر کسی نے اس جانب بھی اشارہ کیا کہ بظاہر وہ مُردہ خانے میں نہیں بلکہ گھر کے ڈبل بیڈ پر لیٹا ہوا ہے۔