نیویارک (ویب ڈیسک ) گوگل نے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ کرنے کے خلاف احتجاج کرنے والے مزید 20 ملازمین کو نوکریوں سے نکال دیا۔
گوگل ملازمین کے ایک گروپ کے نمائندگان نے بتایا کہ اب تک غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف سفاکانہ اور وحشیانہ اقدامات کرنے والے ملک اسرائیل کے ساتھ معاہدے کے خلاف احتجاج کرنے والے گوگل کے 50 سے زائد ملازمین کو کمپنی سے نکالا جا چکا ہے۔
گوگل کے ملازمین کی جانب سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز کے اسرائیلی پراجیکٹ نیمبس کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے،گوگل اور ایما زون نے اسرائیل سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی اور نگرانی سے متعلق پراجیکٹ کے معاہدے پر 2021 میں دستخط کیے تھے۔
اس پراجیکٹ کے خلاف گزشتہ ہفتے ملازمین نے گوگل کے نیویارک اور کیلیفورنیا کے دفاتر میں دھرنا دیا تھا، جس پر کمپنی کی جانب سے پولیس کو طلب کیا گیا۔
ملازمین کے گروپ No Tech For Apartheid کے مطابق گوگل نے گزشتہ ہفتے 30 ورکرز کو فارغ کیا تھا، جبکہ 23 اپریل کی شب مزید 20 ورکرز کو ملازمتوں سے نکال دیا گیا۔