بیروت: (دنیا نیوز) مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ کی سرزمین میں ایک دلدل میں پھنس گیا ہے۔
غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کو 200 روز مکمل ہونے پر القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن نے 200 روز میں غزہ میں تباہی اور موت پھیلائی، اسرائیل غزہ کی سرزمین میں ایک دلدل میں پھنس گیا ہے۔
ابو عبیدہ نے مزید کہا کہ اسرائیل کو 200 روز میں شرمناک شکست کے سوا کچھ نہیں ملا، ہماری مزاحمت فلسطین کے پہاڑوں کی طرح مضبوط ہے، قابض فوج کی جارحیت ختم ہونے تک ہماری مزاحمت جاری رہے گی، اللہ کی مدد سے دشمن پر ہمارے حملے جاری رہیں گے۔
القسام بریگیڈز کے ترجمان نے کہا ہے کہ جب تک ہماری زمین کے ایک انچ پر بھی دشمن موجود رہے گا ہم طرح طرح سے اسے اپنے حملوں کا نشانہ بنائیں گے، فلسطینیوں کو سلام ہے جو اپنی سرزمین پر روزانہ ثابت قدمی کے ساتھ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔