ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور انسانی بنیادوں پر امداد کی ترسیل کے لیے اپنی کوششوں کو پر زور طریقے سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدہ میں جنگ بندی اور امدادی اشیاء کی ترسیل کو دو اہم عوامل کے طور پر شامل کیا جانا ضروری ہے۔
خیال رہے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ان دنوں لکسمبرگ میں یورپی یونین اور خلیج تعاون کونسل کے سیکیورٹی سے متعلق فارم میں شرکت کے لیے موجود ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ نے اس موقع پر یہ انکشاف بھی کیا کہ یورپی یونین کے کئی رکن ممالک نے آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن کی جانب یہ ایک مثبت قدم ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین کے کچھ ممالک فلسطین کو ضرور تسلیم کر لیں گے اور بعد ازاں دیگر کئی ملک بھی اسی عمل کی پیروی کریں گے۔
خیال رہے کہ غزہ کی اسرائیل جنگ میں صرف غزہ کی پٹی پر 34000 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد فلسطینی بچوں اور خواتین کی ہے۔