لاہور: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں بچے کینسر کی مختلف اقسام کا شکار ہو رہے ہیں،پاکستان میں بھی اس سال 30 فیصد بچوں کے کیسز فائل ہو چکے ہیں، بچوں میں عام طور پر کونسا کینسر زیادہ دیکھنے میں آیا ہے؟ آئیے اس بارے میں جانتے ہیں۔
بچوں کو لاحق ہونے والے سرطان کی اقسام بڑوں سے مختلف ہوتی ہیں، بچے عام طور پر لیوکیمیا (خون اور ہڈیوں کے گودے کا کینسر)، دماغ اور حرام مغز کے ٹیومر، ہڈیوں، آنکھ اور دیگر اعضا کے سرطان میں مبتلا ہوتے ہیں۔
لیوکیمیا بچوں میں سرطان کی سب سے عام قسم ہے، اس سے مراد ہڈیوں کے گودے اور خون کا کینسر ہے، کینسر کے مریض 30 فیصد بچے اس مہلک قسم میں مبتلا ہوتے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں میں کینسر کی تشخیص ایک مشکل امر ہے، اگر بچے کے جسم میں کہیں غیر معمولی ابھار یا گلٹی اور سوجن نظر آئے، جسم کے کسی حصے میں مستقل درد رہتا ہو، بخار نہ اتر رہا ہو، وزن اچانک کم ہونے لگے تو پھر فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
ہسپتال کے عملے نے بتایا کہ کینسر میں مبتلا بچوں کو پیار سے ٹریٹ کرنا بے حد ضروری ہے، بعض صورتوں میں بچے سرطان کی ان اقسام کا بھی شکار ہو جاتے ہیں جو عام طور پر بالغ افراد میں دیکھی جاتی ہیں۔