نئے آئی فونز کے مارکیٹ میں آتے ہی نقائص کی شکایات

Last Updated On 25 September,2018 01:22 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ایپل کے مارکیٹ میں متعارف کروائے گئے مہنگے سیٹس 'آئی فون ایکس ایس' اور 'ایکس ایس میکس' میں چند روز بعد ہی نقائص سامنے آنے پر صارفین نے شکایات کے ڈھیر لگا دیئے۔

ایپل سپورٹ فورم میں متعدد امریکی صارفین نے نئے آئی فونز میں سیلولر اور وائی فائی ریسپشن ناقص ہونے اور پرانے ماڈلز سے زیادہ سست ہونے کی شکایت کی ہے اور یہ مسائل امریکا بھر میں سامنے آئے ہیں جو کہ اس لیے حیران کن ہے کیونکہ ایپل نے دونوں آئی فونز میں وائی فائی اور ایل ٹی ای کی ڈیٹا سپیڈ کو گزشتہ سال کے آئی فون ایکس (10) کے مقابلے میں نمایاں حد تک بہتر کیا تھا۔ اس مقصد کے لیے فون کے نچلے حصے میں نئی انٹینا لائن بھی دی گئی ہے جس کا مقصد ڈیٹا ریسیپشن کو مدد فراہم کرنا ہے۔

اس سے قبل آئی فون 6 کو بھی فروخت کے لیے پیش کیے جانے کے بعد بینڈ گیٹ نامی مسئلے کا سامنا ہوا تھا جس میں لوگوں نے شکایت کی تھی کہ فونز جیب میں رکھنے پر مڑ یا خم کھا جاتے ہیں۔ اس موقع پر سام سنگ، ایل جی اور دیگر کمپنیوں نے سوشل میڈیا پر ایپل کا کافی مذاق بھی اڑایا تھا۔ ابھی اس نئے مسئلے پر صارفین سافٹ وئیر اپ ڈیٹ کے منتظر ہیں تاکہ ریسیپشن کا مسئلہ حل ہوسکے تاہم ایپل نے فی الحال اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔