نوازشریف کینسر ہسپتال کے ماسٹر پلان میں تبدیلیاں، حتمی شکل دیدی گئی

Published On 27 November,2024 07:37 pm

لاہور:(دنیا نیوز) نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے ماسٹر پلان میں ضروری تبدیلیوں، سٹیٹ آف دی آرٹ طبی آلات اور مشینری کی خریداری و دیگر معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ہیلتھ ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سی ای او آئی ڈیپ نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے حوالہ سے بریفنگ بھی دی۔

اجلاس میں کینسر کے علاج کے لئے جدید مشینری کی خریداری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ہسپتال کے قیام اور تکمیل کے لئے اقدامات تیز کرنے کا حکم دیا گیا جبکہ کینسر ہسپتال کے پہلے فیز کی تکمیل کے لئے بارہ ماہ کا ہدف دے دیا گیا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی زندگی میں بہتری لانے والا ہر کام حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کینسر ہسپتال کی توسیع مرحلہ وار کرکے مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے جدید ایکوپمنٹس نصب کئے جائیں گے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں ریڈی ایشین تھراپی، کیمو تھراپی، اینڈوسکوپی و دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔