سرطان سے بچنے کے لیے رات کا کھانا جلدی کھائیں

Last Updated On 19 July,2018 10:34 pm

لاہور:‌ (دنیا نیوز) کیا آپ جانتے ہیں کہ کھانے کے اوقات صحت پر کیا اثرات مرتب کرتے ہیں؟ کم از کم رات کے کھانے کا وقت کینسر جیسے جان لیوا مرض کا خطرہ بڑھانے یا اس سے بچاﺅ کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔

اسپین میں ہونے والی تازہ تحقیق میں ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ رات کا کھانا جلدی کھانے سے مردوں میں مثانے اور خواتین میں چھاتی کےسرطان کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق رات کا کھانا سونے سے دو گھنٹے قبل کھانا چاہیے تاکہ اس سے جہاں صحت کے دوسرے فوائد حاصل ہوتے ہیں وہیں کینسر کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔ 

تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ رات 10 بجے کے بعد یا سونے سے کچھ دیر قبل کھانا کھاتے ہیں، ان کے مقابلے میں 9 بجے سے پہلے یا سونے سے 2 گھنٹے پہلے کھانا کھا لینے والے افراد میں مخصوص اقسام کے کینسر کا خطرہ 20 فیصد تک کم ہوتا ہے۔